پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکالرشپ پروگرام کا آغاز

 


صوبائی وزیر برائے سکول و ہائیر ایجوکیشن رانا سکندر حیات خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سکالرشپ پروگرام کا افتتاح پنجاب یونیورسٹی میں کیا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہونہار انڈرگرایجوئیٹ سکالرشپ پروگرام" پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکالرشپ پروگرام ہے، جس کے تحت ہر سال 30 ہزار ذہین طلباء و طالبات کو سکالرشپ فراہم کی جائے گی۔

یہ تقریب پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق میں منعقد ہوئی، جہاں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر منصور احمد بلوچ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے بھی شرکت کی۔

رانا سکندر حیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ہر سال ذہین طلباء و طالبات کے چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام کی فیس ادا کریں گی، اور ہر سال مزید طلباء کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیملی انکم رینج کو 56 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ کر دیا گیا ہے تاکہ اپر مڈل کلاس کے طلباء بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری میڈیکل کالجز کے طلباء کو بھی اس سکالرشپ پروگرام میں شامل کیا جائے گا، اور ایسے 67 ڈسپلنز میں سکالرشپ فراہم کی جائے گی جن کی عالمی سطح پر طلب ہے۔ اس پروگرام کے تحت، بہترین انسانی وسائل کی تربیت میں مدد ملے گی، اور صوبے میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا۔

رانا سکندر حیات نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ہی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ذہین طلباء میں 40 ہزار لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام ہائیر ایجوکیشن کے شعبے میں ایک انقلاب کی حیثیت رکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں مہارت یافتہ گریجویٹس پیدا کرنے میں مدد دے گا

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم